تلگو،انگریزی ، اردو، ہندی روزناموں کے ایڈیٹرس پر مشتمل 21 ارکان شامل
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راو نے اپنی حکومت کے 30 یوم مکمل کرلینے کے فوری بعد اپنے پہلے اقدام کے طور پر ریاست تلنگانہ کی پہلی پریس اکیڈیمی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا اور آج شب بالآخر سینئر تلگو جرنلسٹ مسٹر الم نارائنا کی قیادت میں ممتاز تلگو، انگریزی اردو اور ہندی روزناموں کے ایڈیٹروں اور چند سینئر صحیفہ نگاروں پر مشتمل 21 رکنی ’’تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی‘‘ تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے رات دیر گئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے جی او بھی جاری کردیا گیا ۔ اس سلسلہ میں جاری کردہ جی او کی روشنی میں نو تشکیل دی گئی تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی میں مسرس الم نارئنا سینئر جرنلسٹ صدر نشین کے سرینواس ایڈیٹر آندھرا جیوتی (رکن) کے شیکھر ریڈی، ایڈیٹر نمستے تلنگانہ (رکن) ،وی مرلی ایڈیٹر ساکشی (رکن) ملے پلی لکشمیا سینئر صحیفہ نگار (رکن ) سی آر گوری شنکر ،پولیٹیکل ایڈیٹر دکن کرانیکل ، (رکن ) کے سرینواس ریڈی، ریسیڈنٹ ایڈیٹر ہندو (رکن)، ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست (رکن ) ونئے ویر ایڈیٹر ہندی ملاپ، این وینو گوپال ایڈیٹر ویکشنم (رکن) ایم نارائن ریڈی چیف ایکزیکٹیو آفیسر ٹی نیوز (رکن) ٹنکشالہ اشوک، سینئر صحیفہ نگار (رکن) کے انجیاء سینئر جرنلسٹ (رکن) کے علاوہ نامزد سکریٹری جی اے آئی اینڈ پی آر صدور شعبہ جات جرنلزم عثمانیہ یونیورسٹی و تلگو یونیورسٹی اسٹیشن ڈائرکٹر دور درشن کیندر و آل انڈیا ریڈیو، ڈائرکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ، سکریٹری پریس اکیڈیمی بحیثیت ارکان شامل ہیں ۔ آج رات جاری کردہ جی او میں بتایا گیا کہ صدر نشین و ارکان تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی کی معیاد دو سال ہوگی اور صدر نشین پریس اکیڈیمی کو کابینی وزیر کا رتبہ حاصل رہے گا ۔ اس سلسلہ میں احکامات علحدہ جاری کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں سکریٹری پریس اکیڈیمی آندھرا پردیش کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نو تشکیل دی گئی تلنگانہ اسٹیٹ پریس اکیڈیمی کو درکار انفراسٹرکچر و دیگر سہولتیں فراہم کرے تا کہ نئی تشکیل دی گئی اکیڈیمی اپنی کارکردگی کا آغاز کرسکے ۔