ریاست تلنگانہ کا خواب بالآخر شرمندہ تعبیر

اردو کو سرکاری زبان اور اقلیتوں کو نوکریاں فراہم کرنے پر زور، آل انڈیا مسلم فرنٹ

حیدرآباد۔/23فبروری، ( راست ) مسرز محمد عثمان شہید ایڈوکیٹ صدر آل انڈیا مسلم فرنٹ، محمد علاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نائب صدر مسلم فرنٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں تلنگانہ بل کو راجیہ سبھا میں منظوری ملنے پر اپنے دل کی گہرائیوں سے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ صدر ٹی آر ایس کو مبارکباد پیش کی، تلنگانہ ریاست اب ہندوستان کے نقشے پر ایک حقیقت بن چکی ہے۔ تلنگانہ کے لاکھوں عوام 1969ء سے آج تک آندھرائی قیادت کے ظلم و ستم کے خلاف مسلسل جدوجہد کرتے آرہے تھے جس کا انہیں آج بدلہ مل گیا ہے ایک ہزار سے زیادہ نوجوانوں نے اس مقصد کیلئے اپنی جان عزیز کا نذرانہ پیش کیا ، وہ غنچے جو بن کھلے مرجھا گئے آج چمن تلنگانہ کو اپنے لہو سے معطر کررہے ہیں، ان کی موت نے تلنگانہ جہت کو نئی زندگی عطاء کی۔

مسلمان اس تحریک سے 1969نہ صرف وابستہ ہیں بلکہ وہ پرجوش انداز میں اس تحریک میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ قیادت سے پرزور اپیل کی کہ علحدہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کے ساتھ ہر شعبہ ہائے حیات میں مکمل انصاف کیا جائے بالخصوص اردو کو دوسری سرکاری زبان کا نہ صر ف درجہ دیا جائے بلکہ اس پر مکمل عمل بھی کیا جائے۔ سرکاری ملازمتوں میں آبادی کے تناسب کے لحاظ سے نوکریاں دی جائیں۔ اسمبلی و پارلیمنٹ کے انتخابات میں بھی ان کے ساتھ بھرپور انصاف کیا جائے۔ آل انڈیا مسلم فرنٹ نے اردو صحافت بالخصوص ’’سیاست‘‘، منصف اور رہنمائے دکن کے مدیران کے رول کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی جذبات کی صحیح ترجمانی کی اور تلنگانہ میں مسلمانوں کے مستحکم موقف سے عوام کے ساتھ ساتھ حکومت کو واقف کروایا۔ وکلاء برادری نے تلنگانہ کے حصول کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کیں اور نتیجہ خیز جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا جس کے لئے آل انڈیا مسلم فرنٹ پیشہ وکالت سے وابستہ افراد کو بھی مبارکباد پیش کی۔