حیدرآباد /8 جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے تلنگانہ کانگریس قائدین سے علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی کے تعلق سے مشاورت کی۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین انجن کمار یادو، سریش شیٹکار، پونم پربھاکر، محمد علی شبیر، محمد فاروق حسین اور دیگر نے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں
اہم رول ادا کرنے پر غلام نبی آزاد سے اظہار تشکر کیا اور غلام نبی آزاد کے استفسار پر بتایا کہ تلنگانہ کے عوام مطمئن اور فیصلہ سے خوش ہیں، لہذا 17 کے منجملہ 16 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ تلنگانہ کی اقلیتوں کے تاثر پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر اور رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے بتایا کہ اقلیتیں بالخصوص مسلمان بہت خوش ہیں، جب کہ مسلمانوں نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے، تاہم تلنگانہ فیصلہ کے بعد مسلمانوں کا اعتماد کانگریس پر بڑھ گیا ہے۔ دریں اثناء غلام نبی آزاد کے استفسار پر رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے کہا کہ تلنگانہ کا فیصلہ کانگریس کے لئے مفید ثابت ہوگا، کیونکہ تمام طبقات کانگریس کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، ریاستی وزیر پنچایت راج جانا ریڈی اور سابق صدر پردیش کانگریس ڈی سرینواس نے مسٹر آزاد سے علحدہ ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر کی جانب سے پارٹی فیصلہ کی خلاف ورزی کی شکایت کی۔
آج برقی شٹ ڈاؤن
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : ڈی ای الیکٹریکل آسمان گڑھ کے بموجب 9 جنوری آریہ سماج 100 کے وی چادر گھاٹ ، میں صبح 8-30 تا 9-30 بجے جیل پٹرول پمپ ، آنند نگر میں صبح 11 تا 12-30 بجے ، چنیا کیشورا ٹمپل چنچل گوڑہ میں 12-30 بجے دن تا 1-30 بجے دن برقی سربراہی مسدود رہے گی ۔۔