ریاست تلنگانہ میں عوامی محاذ کی حکومت قائم ہوگی : انیل یادو

حلقہ اسمبلی مشیر آباد سے عوامی محاذ امیدوار کی کامیابی یقینی عوامی تاثر

حیدرآباد ۔ 27 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو نے کہا کہ اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ۔ عوام ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کا فیصلہ کرچکے ۔ رائے دہی ضابطے کی کارروائی جس دن انہوں نے پرچہ نامزدگی داخل اس وقت ہی وہ کامیاب ہوگئے ہیں ۔ انیل کمار یادو نے آج اسمبلی حلقہ مشیر آباد کے کباڑی گوڑہ ڈیویژن میں کانگریس پارٹی الیکشن دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کی بلا مذہب و ملت و ذات پات مکمل تائید و حمایت حاصل ہے انہوں نے اپنے والد سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کی جو حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے منتخب ہوئے تھے ان کی انتخابی مہم کا اسمبلی حلقہ مشیر آباد میں مورچہ سنبھال چکے ہیں ۔ اس لیے عوام کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو کامیاب بنانے کے لیے ٹی آر ایس نے اس حلقہ سے انتہائی کمزور امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ لیکن کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نے انہیں تلنگانہ بی جے پی کے ریاستی صدر کو شکست دینے کے لیے اسمبلی حلقہ مشیر آباد سے امیدوار بنایا ہے ۔ جس کو وہ چیلنج کے طور پر قبول کرچکے ہیں اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے اس کو تحفے میں راہول گاندھی کو پیش کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت اور بی جے پی کی نمائندگی میں اسمبلی حلقہ مشیر آباد انتہائی پسماندہ بن گیا ہے ۔ عوام کے بنیادی مسائل کی نشاندہی کرانے اور اس کو حل کرنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہیں ۔ دونوں جماعتوں سے حساب چکتا کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر نظریات رکھنے والی جماعت ہے ۔ بی جے پی ایک فرقہ پرست جماعت ہے اور ٹی آر ایس بھی بی جے پی کی ایجنٹ بن کر کام کررہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ مشیر آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے ۔ جہاں کے عوام مل جلکر رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی خوشیوں اور غم میں بھی برابر کے شریک رہتے ہیں لیکن بی جے پی صرف سیاسی مفاد پرستی کی خاطر شہر کے امن و امان کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی ہرگز اجازت نہیں دے گی ۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ پیپلز فرنٹ کی حکومت قائم ہونے کے بعد اسمبلی حلقہ مشیر آباد کو مثالی حلقہ میں تبدیل کیا جائے گا تمام بنیادی مسائل کو انقلابی طور پر حل کرتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کی جائے گی ۔ انیل کمار یادو نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے بہکاؤ میں نہ آنے اور دھوکہ دہی کا شکار نہ ہونے کی عوام سے اپیل کی ۔