ریاست تلنگانہ میں سماج کا ہر طبقہ خوش

حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات سے متاثر ہو کر مختلف قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، کے ٹی آر
حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے متاثر ہوکر دیگر جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سماج کا ہر طبقہ حکومت سے خوش ہے کیونکہ ٹی آر ایس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز کیا گیا۔ کے ٹی آر آج شام تلنگانہ بھون میں خیریت آباد اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین کی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے تلگودیشم قائدین کا پارٹی میں استقبال کیا اور انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ انہوں نے سابق وزیر وجئے راما راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے عوامی مسائل کی یکسوئی میں حکومت کو مفید مشورے اور تجاویز حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانا کارکنوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ روزانہ جس طرح مختلف جماعتوں کے قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں لہذا تلنگانہ بھون میں روزانہ جشن کا ماحول ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش کے قائدین نے ریاست کی تقسیم کی صورت میں برقی بحران کی پیش قیاسی کی تھی لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اسے غلط ثابت کردکھایا۔ تلنگانہ میں برقی کٹوتی کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے اور شدید گرما میں بلاوقفہ برقی سربراہی جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد اب دونوں ریاستوں کو ترقی کے مواقع فراہم ہوں گے اور اسی میں عوام کی بھلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے عوام خوشحال زندگی گذار رہے ہیں اور اپنی تجارت میں مصروف ہیں جبکہ متحدہ آندھرا کے قائدین نے تلنگانہ کی تشکیل کی صورت میں غیر محفوظ ریاست قرار دیا تھا۔ کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کی پیش قیاسی کی۔ سابق وزیر وجئے راما راؤ نے حکومت کی اسکیمات کی ستائش کی اور کہا کہ غریب خاندانوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو غریب پرور قائد قرار دیا اور کہا کہ کے سی آر نے عوام کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات شروع کی ہیں۔ وجئے راما راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کو مثالی ترقی یافتہ شہر بنانے کیلئے حکومت کی مساعی قابل قدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کا اثر گریٹر حیدرآباد کے انتخابات میں دیکھنے کو ملے گا۔