پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی تشہیر میں مصروف ، سیاسی قائدین کا ردعمل سے گریز
حیدرآباد ۔ 7 جولائی (سیاست نیوز) شہری پولیس انتظامیہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مارکٹنگ میں مصروف ہے؟ ریاست تلنگانہ میں نئے انتظامی اُمور جو کہ ابھی سنبھل نہیں پائے ہیں اُس سے پریشان عوام میں سرکاری محکمہ جات کے اقدامات مشتبہ ہوتے جارہے ہیں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی سی سی ٹی وی کیمروں کی تشہیری نمائش کے متعلق عوام میں یہ خدشہ ہے کہ کہیں، جہاں کہیں سے ممکن ہو کمیشن حاصل کرنے کی پالیسی تو حکومت نے اختیار نہیں کرلی ہے ۔ بیشتر سیاسی قائدئین ان اُمور پر ردعمل ظاہر کرنے میں احتیاط کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اُن کاکہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات حکومت کو کرنے پڑتے ہیں یا نہیں اس کا اندازہ آئندہ چند یوم میں ہوگا اور اب مخالف حکومت سیاسی جماعتیں بہت جلد عوام کے سامنے حکومت کی حقیقت واضح کریں گے ۔ پولیس انتظامیہ جس پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے پرسکون ماحول میں جینے کا موقع دے لیکن شہری پولیس انتظامیہ کی جانب سے کاروباری اداروں کو نوٹس دیتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مارکٹنگ کی جارہی ہے۔ محکمہ پولیس جوکہ شہر کے تمام صیانتی و حفاظتی امور کا ذمہ دار محکمہ ہے اور اس محکمہ کے کئی خفیہ ادارے بھی سرگرم عمل ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود شادی خانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی کمپنیوں کی نمائش کا اہتمام کرتے ہوئے تاجرین کو اس بات کا پابند بنایا جانے لگا ہے کہ مذکورہ نمائش میں بلا کسی عذر شرکت کریں اور اپنے تجارتی ادارہ کی حفاظت کو یقینی بنانے والے کیمروں کا انتخاب کریں۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹس جوکہ تاجرین کو روانہ کی گئی ہے اس میں واضح طور پر یہ کہا گیا ہیکہ وہ 8 جولائی کو دن میں 11 بجے شہر کے مرکزی مقام پر واقع ایک شادی خانہ میں منعقد ہونے والی نمائش میں شرکت کریں جہاں پر مختلف سی سی ٹی وی کیمرے بغرض نمائش و فروخت رکھے جائیں گے۔ اس نمائش کے دوران تاجرین اپنے پسندیدہ اور ضرورت کے اعتبار سے کیمرے خرید سکتے ہیں تاکہ وہ اپنی تجارتی مراکز میں اسے نصب کرے۔ محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے جن لوگوں کو نوٹس روانہ کی ہے انہیں اس بات کی ہدایت دی ہیکہ وہ بغیر کسی ناکامی کے اس اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس طرح کی نوٹسیں باضابطہ سرکل انسپکٹرس کی دستخط کے ساتھ جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس شہریوں کو مشورہ دے سکتا ہے کہ وہ حفاظتی و صیانتی امور کے اعتبار سے کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائے لیکن اس طرح کے اقدامات سے تاجر برادری میں یہ احساس پیدا ہورہا ہیکہ پولیس مخصوص کمپنیوں کے کیمروں کی مارکٹنگ میں مصروف ہے۔