ریاست تقسیم ہوگئی لیکن تلگو عوام متحد رہیں گے : نائیڈو

حیدرآباد 29 مارچ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کو ہر لحاظ سے نقصان پہونچانے کی مختلف قائدین اور جماعتوں نے منظم انداز میں کوشش کی تھی لیکن تلگودیشم پارٹی کو تو نقصان تو نہیں پہونچا سکے بلکہ وہ خود نہ صرف نقصان سے دوچار ہوئے بلکہ ان کا وجود برائے نام ہوکر رہ گیا۔ آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلگودیشم پارٹی کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے یہ ادعا کیا ۔ نائیڈو نے بانی تلگودیشم آنجہانی این ٹی آر کے مجسمہ کی گلپوشی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کی 34 ویں یوم تاسیس منا رہے ہیں اس طرح اب تلگودیشم ایک اچھی عمر کو پہونچ چکی ہے لہذا پارٹی کیلئے اب تک کی ہوئی محنت سے کہیں زیادہ طاقت صلاحیت اور تجربہ حاصل ہے۔ مسٹر نائیڈونے این ٹی راما راو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ تلگو عوام کے دلوں میں رہنے والے قائد ہیں اور انہوں نے تلگو عوام اور تلگو ریاست کی ترقی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں ۔ انہو ںنے کہا کہ تلگو قوم رہنے تک ان کی تلگودیشم خدمات انجام دیتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم کو اپنے قیام کے 20 ماہ میں اقتدار حاصل ہوا جو کہ ملک کی تاریخ میں اپنی انفرادیت اور ایک مثال ہے ۔علاوہ ازیں تلگودیشم نے سیاسی قائدین اور سیاست کیلئے ہی ایک وقار دلایا اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ویلفیر پروگراموں و اسکیمات کو متعارف کرنے کا اعزاز بھی این ٹی راما راو کو حاصل ہے ۔ ترقیاتی اقدامات انجام دینے میںاین ٹی راما راو نے کوئی کسر باقی نہیں رکھی تھی۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ نظم و نسق میں تبدیلیاں لانے اور شفافیت پیدا کرین اور اصلاحات لانے کا سہرا این ٹی راما راو کے سر ہی جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست میں تلگودیشم نے ایک اہم رول ادا کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم تو ہوگئی اور آئندہ یہ دو ریاستیں ایک دوسرے میں ضم ہونے توقع نہیں ہے لیکن تلگو عوام کو اپنے اتحاد و اتفاق کے ذریعہ متحدہ طور پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہیں ۔ نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم کے کارکن پارٹی کی طاقت ہیں اور ان کارکنوں کی فلاح و بہبود کیلئے تلگودیشم نے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ صدر تلگودیشم نے این ٹی آر کو بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ این ٹی آر کو بھارت رتن ایوارڈ ملتنے تک وہ اس کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر آندھرا پردیش حکومت کے وزراء ارکان اسمبلی و پارلیمانی تلگودیشم کے علاوہ پارٹی کے سینکڑوں قائدین وغیرہ شریک تھے۔