ریاستی چیف منسٹروں کا پریس کانفرنس سے گریز

صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے کے موقف میں نہیں : راج دیپ
حیدرآباد 3 جون ( این ایس ایس ) معروف صحافی راج دیپ سردیسائی نے آج کہا کہ مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس پریس کانفرنس منعقد کرنے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ یہ لوگ صحافیوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ حیدرآباد پریس کلب کا 53 واں یوم تاسیس لیکچر دیتے ہوئے راج دیپ نے کہا کہ حیدرآباد نے کئی معروف صحافیوں کو جنم دیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اشتہاری ایجنسیاں آج میڈیا کیلئے شرائط طئے کر رہی ہیں اور میڈیا کی جانب سے خبروں کو سنسنی خیز بنا کر پیش کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے تعلیم ‘ صحت اور زراعت جیسے امور پر عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے عام ہوجانے کے بعد آج ہر کوئی صحیفہ نگار بن گیا ہے ۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر پھیلنے والی جعلی اور فرضی خبروں کے عروج پر تشویش کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ پریس اکیڈیمی کے صدر نشین الم نارائنا ‘ پریس کونسل آف انڈیا کے رکن ڈی امر ‘ پریس کلب کے سابق صدر ڈاکٹر کے رام چندرا مورتی اور جنرل سکریٹری راج مولی چاری وغیرہ موجود تھے ۔