ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر، ریونت ریڈی اور راج گوپال ریڈی کو انکم ٹیکس نوٹس

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) انکم ٹیکس محکمہ نے تلنگانہ کے چالیس سے زاید ارکان مقننہ کو نوٹسیں جاری کی ہیں اور ان سے سال 2014 ء اور 2019 ء کے درمیان ان کی آمدنی اور اثاثوں میں اضافہ سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ ٹی آر ایس ایم ایل ایز کی اکثریت جن میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر شامل ہیں، کانگریس ایم ایل اے کے راج گوپال ریڈی، سینئر کانگریس لیڈر ریونت ریڈی کو انکم ٹیکس نوٹس وصول ہوئی ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ نے ارکان اسمبلی سے وضاحت طلب کی ہے کہ وہ آمدنی کے وہ ذرائع بتائیں جن کی وجہ سے 5 برسوں میں ان کی آمدنی کافی بڑھ چکی ہے۔ جو ارکان مطلوبہ تفصیلات پیش نہیں کریں گے، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔