آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا امکان ‘ فہرست مرتب کرنے کا عمل شروع
حیدرآباد 25 اگست ( سیاست نیوز ) حکومت ‘تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کے پیش نظر ‘نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر رد و بدل اور آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں متعدد آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کی موجودہ عہدوں پر برقراری سے متعلق تفصیلات اکھٹا کرکے فہرست مرتب کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ رد و بدل کا گذشتہ دن چار آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں سے آغاز ہوچکا ہے اور دوسری فہرست میں زائد از 25 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں کا امکان ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان تبادلوں سے متعلق احکامات آئندہ دو چار یوم میں جاری کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں فی الوقت کئی عہدے مخلوعہ ہیں اور ان عہدوں کی دیگر عہدیداروں کو زائد ذمہ داریاں سونپنے کے باعث وہ مکمل توجہ نہیں دے پارہے ہیں ۔ درج فہرست ذاتوں و قبائل سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیداروں میں انہیں اہم عہدوں پر فائز نہ کئے جانے کی شکایات ہیں اور کہا جارہا ہے کہ انہیں غیر اہم عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے ۔ اس طرح کی شکایات ریاستی نظم و نسق شعبہ میں ایک نیا تنازعہ بنا ہوا ہے ۔ لہذا سمجھا جارہا ہے کہ حکومت اس مرتبہ درج فہرست ذاتوں و قبائل سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیداروں کو بعض اہم عہدوں کی ذمہ داری سونپنے پر غور کررہی ہے ۔ ٹی ایس آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر کا عہدہ ماہ مئی سے مخلوعہ ہے ۔ اس کی ذمہ داری پرنسپال سکریٹری ٹرانسپورٹ مسٹر سنیل شرما کو سونپی گئی ہے ۔ اور وہ ان زائد ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے خواہاں ہیں جسکے پیش نظر اس عہدے پر آئی اے ایس عہدیدار کی تعیناتی عمل میں لانے کی صورت میں مسٹر راہول بوجا اور آئی پی ایس عہدیدار کی تعیناتی عمل میں لانے پر مسٹر آر ایس پروین کمار کے ناموں پر غور کی اطلاعات ہیں ۔ اس طرح ریاستی سطح پر آئی پی ایس و آئی اے ایس عہدیداروں کے علاوہ زائد از 8 ضلع کلکٹرس کے تبادلے کی توقع ہے ۔ علاوہ ازیں اضلاع میں ضلع ایس پی ، اڈیشنل ایس پی ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ سرکل انسپکٹران پولیس کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ تین سال مکمل کرنے والے عہدیداروں کا تبادلہ کیا جاسکے تاکہ انتخابات کے پیش نظر موافق غیر متنازعہ عہدیداروں کو تعینات کیا جاسکے ۔ بالخصوص انتخابات میں ریونیو عہدیداروں کا اہم رول پیدا کرتا ہے ۔ لہذا اپنے ہم خیال ریونیو ڈیویژنل آفیسرس اور تحصیلداروں کو تعینات کرنے اقدامات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ماہ کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی مرحلہ وار اساس پر سرکاری عہدیداروں کے تبادلوں کی کارروائی شروع ہوگی ۔