حیدرآباد۔ یکم اپریل ( پی ٹی آئی ) سینئر بی جے پی لیڈر و سابق مرکزی وزیر بنڈرو دتاتریہ نے آج ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ گرام پنچایتوں کو فنڈز نہیں دے رہی ہے اور سرپنچوں و دیگر مقامی اداروں کے اختیارات سلب کر رہی ہے ۔ فنڈز کی اجرائی و ریاستوں کو اختیارات نہ دینے کے مرکز پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے الزامات پر اپنے رد عمل میں دتاتریہ نے الزام عائد کیا کہ گذشتہ چار سال سے ٹی آر ایس حکومت نے ریاست میں گرام پنچایتوں کو ایک پیسہ بھی فراہم نہیں کیا ہے ۔ دوسری جانب مرکزی حکومت نے تمام سرپنچوں کو چیکس کے ذریعہ فنڈز فراہم کئے ہیں ۔ ریاستی حکومت کو ایک ہزار کروڑ روپئے دینے چاہئے تھے لیکن اس نے فنڈز منتقل نہیں کئے ہیں۔ دتاتریہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں حال ہی میں پنچایت راج بل کو منظوری دی گئی ہے تاہم اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے اور صرف گرام پنچایتوں کی تعداد کو ہی ظاہر کیا گیا ہے ۔ تانڈوں اور سرپنچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ گرام پنچایتوں کو کوئی فنڈز جاری نہیں کئے گئے جبکہ ریاستی فینانس کمیشن سے فنڈز جاری کئے جانے چاہئے تھے ۔ ریاستی حکومت نے سرپنچوں کے اختیارات کو کم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری سیاسی ایجنڈہ کی تشہیر کرنے کی بجائے حکومت کو چاہئے کہ سرپنچوں ‘ منڈل پرجا پریشد اور ضلع پرجا پریشد کو اختیارات سونپے ۔