حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے 66 عازمین 29 ستمبر کی صبح ممبئی سے جدہ کیلئے پرواز کریں گے۔ ان عازمین حج کا لمحہ آخر میں ویٹنگ لسٹ سے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ چونکہ عازمین حج کی تعداد کم ہے لہذا سعودی ایر لائنس نے حیدرآباد سے خصوصی پرواز سے معذرت خواہی کی جس کے باعث 4ریاستوں کے ویٹنگ لسٹ سے منتخب کئے گئے عازمین کیلئے ممبئی سے پرواز کا اہتمام کیا گیا۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے عازمین بھی اس فلائیٹ میں شامل ہوں گے اور یہ ہندوستانی عازمین حج کی آخری پرواز ہوگی۔ ریاستی حج کمیٹی نے 66 عازمین کی ممبئی روانگی اور ان کے قیام و طعام کا انتظام کیاہے۔ ممبئی روانگی کیلئے آر ٹی سی کی تین خصوصی گروڈا اے سی بسوں کو حاصل کیا گیا جو کل27ستمبر کی صبح 10بجے حج ہاوز سے روانہ ہوں گی۔ ان بسوں میں 66عازمین کے علاوہ ان کے ایک، ایک رشتہ دار کو بھی ممبئی لے جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ہر بس میں ایک ڈاکٹر، نرس، ہوم گارڈ اور حج کمیٹی کا ایک ملازم موجود رہے گا تاکہ کسی بھی عازم کی طبیعت بگڑنے پر فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی نے تمام 66عازمین کو بذریعہ طیارہ ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ایرلائنس نے عازمین کے لگیج کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ڈومیسٹک ایر لائنس میں فی کس صرف 15کیلو وزنی لگیج کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ عازمین حج کے ساتھ فی کس 54 کیلو وزنی سامان ہے۔ لگیج کی منتقلی میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے انتظام کا فیصلہ کیا گیا۔
اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی تجویز پر خانگی ٹراویلس کے بجائے آر ٹی سی کی خصوصی بسیں حاصل کی جارہی ہیں تاکہ عازمین حج اور ان کے سامان کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہر بس کیلئے حج کمیٹی 72ہزار روپئے ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ راستہ میں لنچ اور ڈِنر کا بھی انتظام حج کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ ممبئی میں ان عازمین کا حج ہاوز میں قیام رہے گا جہاں ان کیلئے مکمل ایک فلور مختص کیا گیا ہے۔ ممبئی میں قیام کے دوران ریاستی حج کمیٹی تین وقت کے طعام کا انتظام کرے گی اس کے لئے سنٹرل حج کمیٹی کو فی کس 150/-روپئے ادا کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کی بحفاظت منتقلی اور سعودی عرب روانگی کو یقینی بنانے حج کمیٹی نے اپنے بجٹ سے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دیگر ریاستوں میں اس طرح کا کوئی نظم نہیں جبکہ کرناٹک حج کمیٹی اپنے عازمین کو بذریعہ بس ممبئی منتقل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حج کمیٹی کے ملازمین، ڈاکٹرس، نرسیس اور ہوم گارڈز کی واپسی کا انتظام حج کمیٹی کرے گی جبکہ عازمین کے رشتہ دار اپنے طور پر واپس ہوں گے۔تین بسوں میں جملہ 81 افراد ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ان عازمین کا آخری قافلہ 29ستمبر کی صبح 3 بجے روانہ ہوگا۔ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین نے حج کمیٹی کی جانب سے انہیں ممبئی منتقلی اور قیام و طعام کے انتظامات پر خوشنودی کا اظہار کرتے ہوئے حج کمیٹی کی ستائش کی۔