ریاستی حج کمیٹی کا عازمین حج کیلئے تربیتی اجتماع

حیدرآباد۔/12اپریل، ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام 2015 کیلئے منتخب عازمین حج کا پہلا تربیتی اجتماع اتوار 19 اپریل کو 10:30 بجے دن ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال واحد نگر اولڈ ملک پیٹ نزد پانی کی ٹانکی عقب ریس کورس منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی اس کیمپ کا افتتاح انجام دیں گے۔ جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب محمد جلال الدین اکبر ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود مہمان اعزازی ہوں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی صدارت کریں گے۔ ممتاز علماء کرام مناسک حج و عمرہ اور سفر حج سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالیں گے۔ تمام منتخب عازمین حج سے پابندی وقت شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ خانگی طور پر روانہ ہونے والے عازمین بھی شرکت کرسکتے ہیں۔ خواتین کیلئے پردہ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ شرکاء سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ساتھ نہ لائیں اور اپنے ساتھ نوٹ بک اور قلم ضرور رکھیں تاکہ اہم اُمور نوٹ کرنے میں سہولت ہو۔