رہزن شیو کمار انکاونٹر کیس سابق ایڈیشنل ڈی ایس پی اشفاق عالم خان کی خودسپردگی

حیدرآباد 10 نومبر (سیاست نیوز) ریاست کے سابق ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر اشفاق عالم خان نے آج سائبر آباد کی ایک مقامی عدالت میں خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے ضمانت حاصل کرلی۔ سائبر آباد میں جاریہ سال اگست میں پیش آئے خطرناک عادی رہزن کے شیو کمار کے انکاونٹر کے بعد سائبر آباد پولیس نے تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا تھا کہ متوفی رہزن 700 سے زائد رہزنی کی وارداتوں میں ملوث تھا اور اس نے مسروقہ مال کو متھوٹ فینانس اور سری رام فینانس کمپنی میں گروی رکھا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ فینانس کمپنیاں مبینہ طور پر ریزرو بینک آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط کے خلاف ورزی کرتے ہوئے مسروقہ مال کی بھاری مقدار میں گروی رکھی تھی۔ سائبر آباد کے مختلف پولیس اسٹیشنس میں عادی رہزن شیو کمار کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے اور پولیس فینانس کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کئے تھے اس سلسلہ میں کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس نے ریٹائرڈ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر اشفاق عالم خان جو متھوٹ فینانس کے ویجلنس آفیسر ہیں اور سری رام فینانس کے ویجلنس آفیسر و سابق اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر شام سندر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں مفرور قرار دیا ۔ انسپکٹر کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ پولیس مسٹر سریکانگ گوڑ نے بتایا کہ مسٹر اشفاق عالم خان نے ڈسٹرکٹ کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے رجوع ہوئے تھے جس پر جج نے مقامی عدالت میں خودسپرد ہونے کی ہدایت دی تھی۔ مسٹر خان نے آج میاں پور کی 19 ویں میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر خودسپردگی اختیار کرتے ہوئے دو مچلکہ جمع کئے اور بعدازاں ضمانت حاصل کرلی۔