رگھو رام راجن ‘ گورنر بینک آف انگلینڈ عہدہ کی دوڑ میں شامل

لندن 23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق گورنر آر بی آئی رگھو رام راجن بینک آف انگلینڈ کے گورنر کے عہدہ کیلئے دنیا کے کئی صف اول کے ماہرین معاشیات کے ساتھ دوڑ میں ہیں ۔ حکومت برطانیہ نے اشارہ دیا ہے کہ بینک آف انگلینڈ کے نئے گورنر آئندہ سال سے ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کناڈا نژاد مارک کارنے بینک آف انگلینڈ کے موجودہ گورنر ہیں اور وہ آئندہ سال جون میں اپنی معیاد ختم ہونے کے بعد سبکدوش ہوجائیں گے ۔ تین صدیوں میں وہ پہلے بیرونی شہری ہیں جنہوں نے انگلش بینک کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ وہ 2013 سے اس عہدہ پر فائز ہیں۔ رگھو رام راجن فی الحال شکاگو میں مقیم ہیں اور وہ ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رہ چکے ہیں۔ بینک آف انگلینڈ کے گورنر کیلئے ان کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔