رگھوما ریڈی نے چیرمین ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل زائد ذمہ داری کا جائزہ لے لیا

حیدرآباد ۔ 19 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ) : مسٹر گوراورم رگھوما ریڈی ڈائرکٹر / کمرشیل نے چیرمین و مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ کی حیثیت سے مسٹر سید علی مرتضیٰ رضوی آئی اے ایس سے اپنی زائد ذمہ داری کا آج مکمل طور پر جائزہ حاصل کرلیا ۔ مسٹر رگھوما ریڈی جو عثمانیہ یونیورسٹی کے کالج آف انجینئرنگ کے پوسٹ گریجویٹ ہیں ۔ 1978 میں سابق آندھرا پردیش ریاستی برقی بورڈ ( اے پی ایس ای بی ) سے بحیثیت اسسٹنٹ انجینئر وابستہ ہوئے تھے ۔ بعد ازاں چیف جنرل مینجر کے عہدہ پر فائز ہوئے ۔ 2010 میں مسٹر رگھوما ریڈی کو سابق اے پی سی پی ڈی ایل میں بحیثیت ڈائرکٹر نامزد کیا گیا تھا ۔ مسٹر رگھوما ریڈی کو برقی سربراہی نظام کے مختلف شعبوں میں 36 سالہ وسیع تر تجربہ ہے ۔ مسٹر رگھوما ریڈی نے مکمل زائد ذمہ داری سنبھالنے کے بعد اپنی کمپنی ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے ڈائرکٹرس اور عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ۔ اور کہا کہ ’ ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی بالخصوص معاشی ترقی میں یہ کمپنی کلیدی رول ادا کررہی ہے ۔ یہ ہماری بھاری ذمہ داری ہے کہ تمام زمروں کے صارفین کو بہتر معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائے ‘ ۔ انہوں نے اس ضمن میں برقی کے تمام صارفین کی ضروریات کی تکمیل کے لیے مناسب منصوبہ عمل بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔۔