رکن پارلیمنٹ کے بنگلہ کا برقی اور پانی کنکشن منقطع

نئی دہلی۔/2فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام )سرکاری حکام نے آج کانگریس ایم پی ادھیرانجن چودھری کے زیر قبضہ ایک منسٹریل بنگلہ کے پانی اور برقی کی سربراہی منقطع کردی ہے تاکہ انہیں یہ سرکاری بنگلہ تخلیہ کرنے کیلئے مجبور کیا جائے جس پر یو پی اے کے سابق وزیر نے حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ سرکاری عہدیدار آج صبح 14، نیو موتی باغ میں واقع چودھری کی قیامگاہ پہنچے جو کہ متبادل قیامگاہ منتقل ہونے سے انکار کردیا تھا۔ بنگلہ کی برقی اور پانی کا کنکشن کاٹ دیا اور فرنیچر مکان سے باہر نکال لیا۔ مرشد آباد کے رکن پارلیمنٹ نے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر تخلیہ کے خلاف حکم التواء حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن عدالت نے برقی اور پانی کنکشن پر جوں کا توں موقف برقرار رکھنے میں مداخلت سے انکار کردیا ہے جبکہ ان کی درخواست پر کل سماعت ہوگی۔ ڈائرکٹوریٹ آف اسٹیٹس کے بموجب رکن پارلیمنٹ کوہمایوں روڈ پر دوسرا مکان مختص کیا گیا اور منسٹریل بنگلہ سے تخلیہ کیلئے مناسب وقت بھی دیا گیااور بارہا توجہ دلانے کے باوجود چودھری نے تخلیہ سے انکار کردیا جبکہ وہ اس بنگلہ کے مستحق نہیں ہیں۔