رکن پارلیمنٹ کویتا کی دہلی میں پرکاش جاویڈیکر سے ملاقات

مڈ ڈے میل ورکرس کی تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے ارکان پارلیمنٹ اور مزدوروں کے نمائندوں کے ہمراہ دہلی میں مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جائوڈیکر سے ملاقات کی۔ انہوں نے مڈ ڈے میل اسکیم میں کام کرنے والے مزدوروں کی تنخواہوں میں اضافے کی درخواست کی۔ تلنگانہ ریاست میں مڈ ڈے میل اسکیم کے تحت 12 ہزار ورکرس کام کررہے ہیں۔ 2010ء سے مرکزی حکومت اعزازیہ کے طور پر ایک ہزار روپئے ادا کررہی ہے۔ انہوں نے اقل ترین تنخواہ کو 10500 روپئے کرنے کی درخواست کی۔ کویتا نے کہا کہ مرکزی لیبر ایکٹ کے تحت ای پی ایف، ای ایس آئی پر عمل آوری کی جائے۔ اس سے ورکرس کے خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ کویتا نے کل مرکزی وزارت لیبر کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے مڈ ڈے میل اسکیم اور اس سے وابستہ ورکرس کے مسائل پر بات چیت کی تھی۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ طویل عرصہ سے مسائل کا شکار مڈ ڈے میل ورکرس کے مطالبات کو منظور کیا جائے۔ ورکرس نے کویتا کی مساعی کو سراہا۔ کویتا نے کہا کہ مستقبل کے شہریوں کے لیے صاف ستھرا اور تغذیہ بخش کھانا سربراہ کرنا ورکرس کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کو ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔ مہنگائی میں اضافہ کے سبب وہ موجودہ تنخواہ میں زندگی گزارنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے مہنگائی کے پیش نظر الائونس میں اضافہ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ ان کے ہمراہ ارکان پارلیمنٹ بی سمن، ملا ریڈی، کے پربھاکر ریڈی، بی نرسیا گوڑ اور بی بی پاٹل موجود تھے۔ ٹی آر ایس لیبر سل کے صدر رام بابو یادو اور تلنگانہ حکومت مڈ ڈے میلس ورکرس یونین کے صدر وی ہنمنتوڈو اور جنرل سکریٹری بی بابیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔