حیدرآباد، 7اگست (یواین آئی)ٹی آرایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے اپنے بھائی و تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راماراو کو راکھی کے تہوار کے موقع پر راکھی باندھی اور انہیں مٹھائی کھلائی۔ اس موقع پر کے ٹی راما راو نے ان کو ہینڈلوم کی ساڑیوں کا تحفہ دیا،کویتا نے اپنے بھائی کو ہیلمٹ کا تحفہ دیا۔راکھی تہوار کے موقع پر بہنوں کی جانب سے بھائیوں کو تحفہ کے طور پر ہیلمٹ دینے ٹی آرایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا کی نئی مہم کی حمایت مختلف شعبوں کی جانب سے کی جارہی ہے جس کو سسٹر فار چینج کا نام دیا گیا ہے ۔کویتا نے کہا کہ ایک مختصر فلم کو دیکھنے کے بعد ہی انہوں نے اس مہم کی شروعات کی ہے جس پر بہتر ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔اس فلم میں دکھایا گیا تھا کہ بھائی کی سڑک حادثہ میں موت پر بہن کی آنکھوں میں آنسو روا ہوتے ہیں۔ اس بھائی کے ہیلمٹ نہ پہننے پر ہی اس کی موت ہوتی ہے ۔اس مختصر فلم کو دیکھنے کے بعد ہی ان کو اس مہم کی شروعات کا خیال آیا۔کویتا کی اس مہم کی قومی سطح پر کافی ستائش کی جارہی ہے ۔مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیتوں سمیت ا رکان پارلیمنٹ نے اس مہم کو انوکھی اور خوش آئند قراردیا ہے ۔اس مہم کی ستائش کرتے ہوئے ان اہم شخصیتوں نے سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے اسے کافی بہتر قرار دیا ہے ۔ کویتا کا احساس ہے کہ ملک بھر میں ہر دن 400سے زائد موٹر سیکل سوار سڑک حادثات میں ہلاک ہوتے ہیں جس کی اہم وجہ ہیلمٹ کا عدم استعمال ہے ۔ ہیلمٹ کے استعمال کے سخت قوانین کے باوجود زیادہ تر افراد اس کا استعمال نہیں کرتے ۔انہوں نے راکھی تہوار کے موقع پر بہنوں کو اپنے بھائیوں کے راکھی باندھنے پر انہیں ہیلمٹ کا تحفہ پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اس مہم میں تعاون کی خواہش کی تاکہ اس مہم کو وسعت دی جاسکے ۔