وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے کامیابی کے بعد پارٹی سے انحراف ، وجئے سائی ریڈی کا اسپیکر کو مکتوب
حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) قائد وائی ایس آر کانگر یس پارلیمنٹری پارٹی مسٹر وی وجئے سائی ریڈی نے وائی ایس کانگریس پارٹی سے حلقہ لوک سبھا ’’ارکو‘‘ سے کامیابی کے بعد پارٹی سے انحراف کرنے والی رکن پارلیمان شریمتی کے گیتا کو لوک سبھا رکنیت کیلئے نااہل قرار دینے کا اسپیکر لوک سبھا شریمتی سمترا مہاجن سے مطالبہ کیا ۔ اس سلسلہ میں مسٹر وجئے سائی ریڈی نے اسپیکر لوک سبھا کو ایک مکتوب روانہ کیا اور بتایا کہ شریمتی کے گیتا نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اظہار کرتے ہوئے ایک مکتوب استعفی روانہ کیا ۔ لیکن پارلیمنٹ کی رکنیت سے متعلق کوئی تذکرہ نہیں کیا ۔ لہذا ان حالات کی روشنی میں پارلیمانی قواعد و ضوابط کے مطابق شریمتی کے گیتا کی لوک سبھا رکنیت کو منسوخ کردینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2014 ء میں منعقدہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں پارٹی سے انحراف کیا ۔ علاوہ ازیں مزید چار ارکان پارلیمان جنہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انحراف کیا ۔ ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کرنے اور ان کی لوک سبھا رکنیت کو منسوخ کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ مسٹر وجئے سائی ریڈی نے دستور ی و جمہوری اقدار کا تحفظ کرنے شریمتی کے گیتا کو فی الفور لوک سبھا رکنیت سے نااہل قرار دینے کیلئے اقدامات کرنے کا اسپیکر لوک سبھا شریمتی سمترا مہاجن سے پرزور مطالبہ کیا ۔