حیدرآباد ۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے سینئر قائد و نومنتخبہ رکن قانون ساز کونسل آندھراپردیش مسٹر پی کیشو نے آج آندھراپردیش قانون ساز کونسل میں رکنیت کا حلف لیا۔ صدرنشین آندھراپردیش قانون ساز کونسل نے مسٹر پی کیشو کو رکنیت کا حلف دلایا۔ مسٹر پی کیشو ادارہ جات مقامی ضلع اننت پور کے حلقہ انتخاب سے ایم ایل سی کی حیثیت سے بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب ہوئے تھے۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی کے قائدین کثیر تعداد میں موجود تھے اور انہیں مبارکباد پیش کی جبکہ رکن اسمبلی ہندو پور مسٹر بالا کرشنا نے مسٹر پی کیشو کو کونسل رکن کی حیثیت سے حلف لینے پر بذریعہ فون مبارکباد پیش کی۔ بعدازاں مسٹر پی کیشو نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہیں رکن قانون ساز کونسل منتخب کروانے پر صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے اظہارتشکر کیا۔ علاوہ ازیں ادارہ جات مقامی کے نمائندوں اور پارٹی قائدین وغیرہ سے بھی اظہارتشکر کرتے ہوئے مسٹر پی کیشو نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کو دیگر ریاستوں کے مقابلہ میں بڑے پیمانے پر ترقی دیکر سرفہرست لانے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی کوششوں میں ہم تمام کو برابر کا حصہ دار بن کر اپنا اہم رول ادا کرنے کی شدید ضرورت ہے۔