کانگریس قائدین سے مبارکبادیاں ، ٹی آر ایس حلقہ میں ہلچل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حج کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کانگریس کا وزیٹنگ کارڈ تقسیم کرتے ہوئے سب کو حیرت زدہ کرنے والی حج کمیٹی کی رکن شمیم آغا نے آج گاندھی بھون میں منعقدہ یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ٹی آر ایس حلقوں میں ہلچل مچادیا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے حج کمیٹی کے ارکان کا انتخاب کرتے ہوئے پہلے جو جی او جاری کیا گیا تھا اس میں شیعہ برادری کو نمائندگی نہیں تھی شیعہ برادری کے احتجاج کے بعد حکومت نے جی او میں ترمیم کرتے ہوئے کمیٹی سے ایک رکن کو علحدہ کرتے ہوئے بطور شیعہ رکن شمیم آغا کو شامل کیا تھا ۔ جنہوں نے حج کمیٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت بھی کی تھی ۔ لیکن شمیم آغا آج گاندھی بھون پہونچی اور کانگریس کے تمام قائدین نے انہیں مبارکباد بھی پیش کی ۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ شمیم آغا نے ان کے سامنے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریسی ہے ۔ حج کمیٹی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہیں کانگریسی ہونے پر نہیں بلکہ تلنگانہ حج کمیٹی میں بحیثیت شیعہ رکن شامل کیا گیا ہے ۔ اس مقدس فریضے کو وہ بخوبی نبھائیں گی وہ کانگریس پارٹی میں ہی شامل ہیں ۔ حج کمیٹی کی رکن شمیم آغا کے گاندھی بھون پہونچنے کی خبر ٹی آر ایس حلقوں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین نے شمیم آغا کے اس اقدام پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے پارٹی میں خدمات انجام دینے والوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ پارٹی کے لیے کام نہ کرنے اور وفادار نہ رہنے والوں کو عہدے دئیے جارہے ہیں ۔۔