جے پور ،2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کی راجدھانی جے پور میں ایک رکن اسمبلی کے بیٹے کی تیز رفتار کار سے حادثہ کے بعد تین افراد ہلاک اور دو پولیس جوان زخمی ہوگئے ۔ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد ارشاد نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریباً سوا بجے شہر کی جن پتھ سڑک پر تیز رفتار بی ایم ڈبلیو کار نے پہلے تو ایک آٹو کو ٹکر ماری۔ بعد میں سڑک کے کنارے کھڑی پولیس کی گاڑی کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ حادثہ میں آٹو میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس حادثہ میں پولیس گاڑی کے پاس کھڑے دو پولیس جوان بھی زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع پر تین تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش شروع کردی ہے ۔