حیدرآباد /31 مئی (سیاست نیوز) قانون ساز کونسل کے انتخابات سے عین قبل ایک نامزد رکن اسمبلی کو پچاس لاکھ روپئے کی رشوت دینے کی کوشش کے دوران تلنگانہ کی اینٹی کرپشن بیورونے تلگو دیشم رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی کو آج رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا ۔ انتہائی خفیہ اور منصوبہ بندی کے تحت کی گئی اس کارروائی کے بعدسیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی۔ تفصیلات کے بموجب تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی نے نامزد اینگلو انڈین رکن اسمبلی مسٹر ایل ویس اسٹیفنسن کو پانچ کروڑ کی رشوت کی پیشکش کرتے ہوئے انہیں کل منعقدہ قانون ساز کونسل انتخابات میں تلگودیشم کے امیدوار مسٹر وی نریندر ریڈی کے حق میں ووٹ دینے کے لئے پچاس لاکھ روپئے پیشگی رقم کی حوالگی کے دوران اے سی بی عہدیداروں نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ بیورو نے اس کارروائی میں مزید دو افراد کو بھی گرفتار کرلیا ۔ذرائع نے بتایا ایل ویس اسٹیفنسن کو مسٹر ریونت ریڈی نے تین دن قبل فون پر ربط قائم کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں مدد کرنے پر نقد رقم کی پیشکش کی تھی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ریونت ریڈی کی پیشکش کے بعد اسٹیفنسن نے اینٹی کرپشن بیورو سے تحریری شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد بیورو کے عہدیدار چوکس ہوگئے اور ایک خفیہ آپریشن کے تحت یہ کارروائی کی گئی ۔ مسٹر ریونت ریڈی آج نامزد رکن اسمبلی اسٹیفنسن کے مکان واقع پشپا نیلائم وجے پوری کالونی لالہ گوڑہ پہنچ کر اسٹیفنسن نے طویل بات چیت کی جس میں رقم کی پیشکش کی۔ ریونت ریڈی اور اسٹیفسن کی اس خفیہ ملاقات کو بیورو کے عہدیداروں نے خفیہ کیمرے سے ریکارڈنگ کی اور بعدازاں رقم کی حوالگی کے دوران انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے سی بی مسٹر اشوک کمار نے یہ واضح طور پر بتایا ہے کہ مسٹر ریونٹ ریڈی کو پچاس لاکھ روپئے کی رشوت کی رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے فوری بعد ریونت ریڈی کو بیورو کے عہدیداروں نے بنجارہ ہلز میں واقع اینٹی کرپشن بیورو کے ہیڈکوارٹر منتقل کیا جہاں پر ان کی تفتیش کی گئی ۔ تلگودیشم رکن اسمبلی کے خلاف قانون انسداد رشوت ستانی (پری وینشن آف کرپشن ایکٹ) اور تعزیرات کے دفعہ 120(B) (مجرمانہ سازش) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور سی آر پی سی کے دفعہ 102 کے تحت رشوت کی رقم ضبط کرلی گئی ہے ۔ مسٹر اشوک کمار نے مزید بتایا کہ بیورو کے پاس اہم شواہددستیاب ہیں جس میں تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی اور نامزد رکن اسمبلی مسٹر ایل ویس اسٹیفنسن کی بات چیت اور رقم کی حوالگی کی ویڈیوشامل ہے ۔ ریونت ریڈی کو آج رات بیورو کے عہدیداروں نے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ان کا طبی معائنہ کروایا گیا ۔