پارٹی تبدیل کرنے والے ارکان کی کابینہ میں شمولیت ممکن
حیدرآباد۔ 29 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ کل یکم مارچ کو ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ حلقہ اسمبلی راجندر نگر کی نمائندگی کرنے والے پرکاش گوڑ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں اپنے حامیوں کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمو لیت اختیار کرلیں گے۔ شمولیت کے سلسلہ میں ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ پرکاش گوڑ کے ہمراہ بعض کارپوریٹرس اور سینئر قائدین بھی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ پرکاش گوڑ نے اپنے حامیوں کے ساتھ جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ پرکاش گوڑ نے گزشتہ ہفتہ اپنے ساتھی رکن اسمبلی دیاکر راؤ کے ہمراہ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا تھا ۔ ان کی شمولیت سے تلگو دیشم سے ٹی آر ایس میں شامل ہونے والے ارکان اسمبلی کی تعداد 10 ہوجائے گی اور اسمبلی میں ٹی آر ایس ارکان کی جملہ تعداد 82 تک بڑھ جائے گی۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کے ارکان کی تعداد 15 تھی اور اب صرف پانچ ارکان اسمبلی باقی رہ چکے ہیں۔ چیف منسٹر اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ تلگو دیشم اور کانگریس سے مزید ارکان اسمبلی کو پارٹی میں شامل کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ شمولیت اختیار کرنے والے بعض ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا ۔ تلگو دیشم کے 10 ارکان نے اسپیکر مدھو سدن چاری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اسپیکر نے ابھی تک اس مکتوب پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ توقع ہے کہ بجٹ اجلاس سے قبل یہ فیصلہ کیا جائے گا۔