رچہ کنڈہ کمشنر پولیس مہیش مرلیدھر بھاگوت کو امریکی اعزاز

حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک آئی پی ایس عہدیدار کو ہندوستان میں انسانوں کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف جدوجہد پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ’’ ہیرو ‘‘ ایوارڈ کیلئے منتخب کیا ہے۔ مہیش مرلیدھر بھاگوت جو اس وقت کمشنر رچہ کنڈہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں 2017 ٹریفکنگ اِن پرسن ( TIP) رپورٹ ہیروز ایوارڈ دیا جائے گا۔ وہ اس طرح کا اعزاز حاصل کرنے والے تیسرے آئی پی ایس عہدیدار ہیں۔ واشنگٹن سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہیش مرلیدھر بھاگوت نے انسانوں کی غیر مجاز طور پر منتقلی اور جسم فروشی کی روک تھام کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور اسے سرکاری ترجیح تصور کرتے ہوئے مقدمات کی تحقیقات اور اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے اختراعی لائحہ عمل اختیار کیا۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن اور مشیر ایوانکا ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں منعقدہ ایک سرکاری پروگرم میں خطاب کرتے ہوئے مسٹر بھاگوت کی کارکردگی کی ستائش کی۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے کمشنریٹ کے قیام سے اب تک 25 قحبہ گری کے اڈوں پر دھاوا کرتے ہوئے 20 رہائشی اپارٹمنٹس اور کئی ہوٹلس کو اس کاروبار میں ملوث ہونے پر مہر بند کردیا۔ اتنا ہی نہیں مذکورہ عہدیدار نے بچہ مزدوری کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے اینٹ کی بھٹیوں میں ملازمت کرنے والے 350 بچہ مزدوروں کو آزاد کروایا۔