حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے شروع کئے گئے پرجا دربار پروگرام کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ شکایت کنندہ ایک خاتون رضیہ بیگم نے اُن کے مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی پر کمشنر پولیس سے ملاقات کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ رضیہ بیگم نے بھونگیر کے نواحی علاقہ میں دو پلاٹ خریدے تھے جن پر غیر مجاز قبضہ کرلیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک اور پلاٹ پر بھی اِسی طرح قبضہ کیا گیا۔ اس صورتحال سے پریشان رضیہ بیگم نے پرجا دربار میں کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت سے شکایت کی۔ پولیس نے فوری بھونگیر رورل پولیس سب انسپکٹر راج شیکھر کو معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے ضروری کارروائی کی ہدایت دی تھی۔ چنانچہ پولیس نے رضیہ بیگم کی املاک پر قبضے کو برخاست کرتے ہوئے اُنھیں راحت فراہم کی۔ رضیہ بیگم نے کہاکہ اپنی جائیدادوں پر قبضہ برخاست ہونے کے بعد وہ کافی اطمینان محسوس کررہی ہیں اور اُنھوں نے پولیس حکام کا شکریہ ادا کیا۔