مرکزی حکومت سے جناب عزیز پاشاہ کی اپیل ، آنگ سان سوکی پر تنقید
حیدرآباد۔5ستمبر(سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وسینئر کمیونسٹ جناب سید عزیز پاشاہ نے ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں مقیم روہنگی مسلمانوں کے ساتھ مذہب کے بجائے انسانیت کی بنیاد پر سلوک کی مرکزی او رریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے روہنگی مسلمانوں کے متعلق ایک روز قبل مرکزی وزیر کرن رجیجو کے بیان کی سختی کے ساتھ مذمت کی اور کہاکہ ہندوستان عالمی سطح پر رواداری کے علمبردار ملک کے طور پر جانا جاتا ہے ،میانمار میں روہنگی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوکی کی خاموشی کو بھی قابل مذمت قراردیا۔ ایک ایسے وقت جب ساری دنیا بالخصوص مسلم ممالک روہنگی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ہم ہندوستانیوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ا س معاملے کو مذہبی نوعیت سے دیکھنے کے بجائے پڑوسی ملک کا حق ادا کرتے ہوئے روہنگیوں کاساتھ دیں۔جناب سید عزیز پاشاہ نے روہنگیوں پر جاری تشدد کے خلاف دیگر مغربی ممالک کی خاموشی کو بھی معنی خیز قراردیا اور حکومت تلنگانہ بالخصوص ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کے مختلف اضلاع کے بشمول حیدرآباد اور اس کے مضافات میں مقیم روہنگی مسلمانوں کو ملک سے باہر بھیجنے کا اقدام نہ اٹھائیں کیونکہ پناہ گزین کے طور پر اقوام متحد ہ سے انہیں ہندوستان میںرہائش کی اجازت فراہم کی گئی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ کو انسانیت کی بنیاد پر بے سہارا روہنگی مسلمانوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔