ہزاروں مسلمان لقمہ اجل، مسلم ممالک فوری آگے آئیں ۔ حافظ عبدالقیوم نعمانی
حیدرآباد /6 ستمبر ( پریس نوٹ ) حافظ عبدالقیوم نعمانی امام جامع مسجد سدی عنبر بازار ، حیدرآباد نے مائمار میں روہنگی مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ مائنمار کی فوج نے انسانیت کی تمام حدوں کو پار کردیا ہے اور درندگی کی ایسی مثال پیش کی ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ مائنمار میں روہنگیا مسلمانوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کے ہزاروں گھروں کو نذر آتش کردیا گیا ہے ۔ ہزاروں مسلمان لقمہ اجل بن گئے اور تقریباً ایک لاکھ مسلمان کسی طرح جان بچاکر بنگلہ دیش پہونچے ہیں وہاں بھی انہیں سکون و راحت میسر نہیں ہے ۔ سینکڑوں مسلمان ندی عبور کرنے کے دوران موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ روہنگی مسلمانوں کے مظالم کے خلاف سعودی عرب کی قرارداد پیش کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ روہنگی مسلمانوں پر مظالم کی وجہ سے عالم اسلام کے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ روہنگیاں میں نہ صرف نوجوانوں بلکہ معمرین اور شیرخوار بچوں کو تک بخشا نہیں جارہا ہے ۔ مائنمار کی فوج نے شیطانیت کی بھی تمام حدیں پار کردی ہیں ۔ جب تک مسلم ممالک روہنگیا کے تحفظ کیلئے آگے نہیں آئیں گے تب تک صورتحال میں بہتری کے کوئی امکانات نہیں ہیں ۔ سوشیل میڈیا پر روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کو دیکھ کر ہر درد مند دل اشکبار ہے ۔ انہوں نے بیان کے آخر میں اللہ تعالی سے دعاء کی کہ روہنگیا مسلمانوں کے جان و مال کی حفاظت کرے ۔