پتراجیا ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا اور انڈونیشیا نے خلیج بنگال میں کشتیوں پر سوار ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو عارضی طور پر اپنے ہاں پناہ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں روہنگیا اور بنگلہ دیشی مہاجرین سمندر میں پھنس گئے ہیں اور اس بحران کے حل کی طرف یہ پہلی پیشرفت ہے۔ ملائیشیا کے وزیر خارجہ انیفا امان نے انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کے بعد کہا کہ دو ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سمندر میں پھنسے قریب 7000 افرد کو عارضی پناہ دے دی جائے۔ تاہم شرط یہ ہو گی کہ عالمی برادری ایک سال کے اندر اندر ان تارکین وطن کی واپسی اور بحالی کا کام مکمل کرے۔