کاکس بازار ۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے سرحدی گارڈس نے کہا ہیکہ روہنگیا کے پناہ گزینوں کو مائنمار سے لانے والی چھویٹ کئی کشتیاں ڈوب گئیں جس کے نتیجہ میں کم سے کم پانچ بچے ہلاک ہوگئے۔ بنگلہ دیش سرحدی گارڈس کے ایک آفیسر الیوسیوس سنگما نے اے ایف پی سے کہا کہ ’’تاحال پانچ لڑکے اور لڑکیوں کی نعشیں مختلف مقامات پر دستیاب ہوئی ہیں‘‘۔ حکام نے کہاکہ دریائے ناف کے ابتدائی حصہ میں چار کشتیاں ڈوب گئی ہیں اور مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافہ کا اندیشہ ہے۔ اس سے پہلے بھی مائنمار سرحد عبور کرتے ہوئے بنگلہ دیش پہنچنے کی کوشش میں کشتیوں کی غرقابی کے سبب سینکڑوں روہنگیائی مسلمان ہلاک ہوچکے ہیں۔ روہنگیا مائنمار میں ایک مسلم نسلی اقلیت ہیں جنہیں اس بدھ اکثریتی ملک کی حکومت اپنے وطن کا شہری تسلیم نہیں کرتی۔