روہنگیا پناہ گزینوں کے معاملہ کی پیر کو سماعت

نئی دہلی۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ روہنگیا پناہ گزینوں کو میانمار واپس بھیجنے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر پیر کے روز سماعت کرے گا۔ مشہور وکیل پرشانت بھوشن نے چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی بنچ کے سامنے آج اس معاملے کا ذکر کیا ۔پرشانت بھوشن نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تقریباً 40ہزار روہنگیا مسلمانوں کو ہندوستان سے اپنے ملک میں واپس بھیج دیا جائے جو بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔ لہذا اس معاملے کی فوری سماعت کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے ان کے دلائل سننے کے بعد اس معاملے کی سماعت کے لئے دوشنبہ کی تاریخ مقررکی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ دو روہنگیا پناہ گزینوں نے عرضی دائر کرکے کہا ہے کہ میانمار میں ان کے خلاف تشدد کیا جارہا ہے اور انہیں واپس بھیجنے کا فیصلہ مختلف بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے ۔میانمار کے پناہ گزین روہنگیا مسلمان قومی دارالحکومت ، جموں، حیدرآباد ، ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش کے مختلف مقامات پر رہ رہے ہیں۔