روہنگیا مسلمانوں کے بحران کی یکسوئی وقت طلب: دفاعی سربراہ

سنگاپور۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کاکم) مائنمار کے نائب دفاعی سربراہ نے آج دنیا کے تمام اہم ممالک کو یہ پیغام دیا ہے کہ روہنگیا مسلم اقلیتوں کے بحران کی یکسوئی کے لیے مائنمار کو کچھ مہلت درکار ہے کیوں کہ اس وقت وہاں جو کچھ بھی ہورہا ہے اس کے تعلق سے یہی تشویش ظاہر کی جارہی ہے کہ صورت حال کا اسلامی جہادی ناجائز فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ریئر ایڈمرل منٹ نیوے نے سنگاپور میں ایک سکیوریٹی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت راکھین اسٹیٹ میں روہنگیا مسلمانوں کی صورت حال سے پوری طرح واقف ہے اور روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اگر ناانصافی ہورہی ہے، ان پر ظلم ہورہا ہے تو اس کی روک تھام کی جائے گی اور خاطیوں کو سزائیں دی جائیں گی لیکن اس کے لیے ہمیں وقت درکار ہے۔ یاد رہے کہ مائنمار کی فوج پر یہ الزام ہے کہ اس نے آپریشن کلیرنس کے نام پر روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے جہاں ان کی خواتین کی عصمتیں بھی لوٹی جارہی ہیں اور کئی لوگوں کو موت کے گھاٹ بھی اتارا جاچکا ہے جس نے 66 ہزار روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش کے لیے نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے۔