کولکتہ ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں بنگلہ دیش ہائی کمشنر سید معظم علی نے پیر کو ایک ملین روہنگیائی پناہ گزینوں کی جو بنگلہ دیش میں سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں، میانمار حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے شہریوں کو ان کا حقِ شہریت اور تحفظ و سلامتی دیتے ہوئے انہیں میانمار کو باوقار انداز میں واپس لے جائیں۔ سید معظم علی نے کہا کہ اگر ان کے یہاں رہتے ہوئے بیزارگی یا بے چینی کے عالم میں اگر کوئی مسئلہ درپیش ہوجائے تو ہم سب متاثر ہوں گے۔ اس لئے حکومت میانمار انہیں باوقار انداز میں واپس لیتے ہوئے خود بھی سکون سے رہے اور ہمیں بھی سکون و چین سے رہنے دیں۔ بنگلہ ہائی کمشنر سید معظم علی نے مزید کہا کہ ہماری بات واضح ہیکہ ہمارا، میانمار حکومت سے کوئی جھگڑا یا دیگر کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ مسئلہ صرف یہ ہیکہ میانمار حکومت ہمارے پاس رہنے والے پناہ گزینوں کو ’’ریاست رکھائین‘‘ کے شہری قبول کرنے سے انکار کررہی ہے جبکہ سب ہی جانتے ہیں یہ روہنگیائی شہری ہیں اور ان کا تعلق میانمار سے ہے۔