اقوام متحدہ ۔ 4 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این ایچ سی آرنے روہنگیا پناہ گزینوں کی فی الحال وطن واپسی کی مخالت کرتے ہوئے کہاہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام اب بھی جاری ہے اور ان پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کیلئے حالات سازگار نہیں ہیں۔ ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا تھاکہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام اب بھی جاری ہے۔ یہ پناہ گزیں گزشتہ برس تشدد اور قتل عام سے بچنے کیلئے بھاگ کر بنگلہ دیش پہنچے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ بنگلہ دیش کے حکام نے ان 5,000 روہنگیا پناہ گزینوں کی فہرست میانمار حکام کے حوالے کر دی ہے اور میانمار نے ان افراد کے ناموں کی تصدیق کر دی۔اقوام متحدہ کی ایجنسی کے ترجمان نے کہا کہ بنگلہ دیش کو ہر صورت میانمار سے اپنے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کرنا چاہئیے اور ان سے پوچھنا چاہئیے آیامیانمار میں موجود حالات کے تناظر میں واپس جانے کیلئے رضامند ہیں یا نہیں۔