روہنگیااور دیگر غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے بائیو میٹرک تفصیلات جمع کرنے مرکز کی ہدایت

نئی دہلی 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ مرکز نے تمام ریاستوں کو ہدایت کی ہے کہ ملک گیر سکیورٹی اقدام کے ایک حصہ کے طور پر میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں اور غیر قانونی طور پر مقیم دیگر تمام افراد کی بائیو میٹرک تفصیلات جمع کی جائیں۔ یہ قدم اس لئے اُٹھایا گیا ہے کہ ایسے تمام پناہ گزینوں اور غیر قانونی طور پر مقیم دیگر تمام افراد کو بہ آسانی شناخت کی جائے کیوں کہ ایسے افراد ملک کے مختلف حصوں کو منتقل ہوا کرتے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے مزید کہاکہ ریاستی حکومتوں کو کہا گیا ہے کہ روہنگیاؤں اور غیر قانونی طور پر مقیم دیگر افراد کو بائیو میٹرک تفصیلات جمع کرنے پولیس کو ہدایت کی جائے۔ اس ملک میں رہنے والے تقریباً 14000 روہنگیاؤں نے پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے پاس اپنے نام درج کروایا ہے جبکہ 40,000 روہنگیا مسلمان غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے جولائی کے دوران پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ چند روہنگیا مسلمان ہندوستان میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ آدھار جیسے دستاویز صرف ان غیر شہری افراد کو دی جاتی ہیں جو قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوتے ہیں اور کم سے کم چھ ماہ قیام کرتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کو اپنے فیصلہ میں حکومت کو ہدایت کی تھی کہ غیر قانونی ایمگرینٹس کو آدھار جاری نہ کیا جائے۔