حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز)شہر کی ایک مقامی عدالت نے ایک روہنگیائی باشندہ اور ہندوستانی شہری کو سزا سنائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مہاجر روہنگیائی باشندے کی جانب سے آدھار کارڈ تیار کرتے ہوئے مستقل شہریت کی کوششیں کرنے اور اس اقدام میں روہنگیائی باشندے کی مدد کرنے والے دونوں کو سزاء کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 30 سالہ محمد طاہر عرف ابو طاہر ساکن شاہین نگر اور 28 سالہ ہیمنت کمار ساکن کوکٹ پلی کو بالترتیب دو اور ایک سال کی سزاء سنائی گئی ہے۔ ایل بی نگر کی مقامی عدالت نے طاہر کو 2سال سزا اور 10,600 روپئے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ ہیمنت کمار کو ایک سال سزاء اور 600 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔ طاہر مینمار سے بذریعہ بنگلہ دیش کولکتہ میں داخل ہوا تھا اور دہلی چلا گیا۔ سال 2015 میں اس نے حیدرآباد کا رُخ کیا اور یہاں مزدوری کرنے لگا اس دوران طاہر کی دوستی ہیمنت کمار سے ہوئی اس نے مستقل شہریت کیلئے آدھار کارڈ تیار کرنے میں طاہر کی مدد کی۔ اس کے بعد طاہر نے فرضی آئی ڈی کارڈ کے ذریعہ سرکاری مراعات کو حاصل کرنا شروع کردیا تھا اور ڈرائیونگ لائسنس بھی تیار کرلیا تھا۔ مئی 2016 میں طاہر کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس کیس میں آج سزاء سنائی گئی۔