روہت ویمولہ کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 29اگست ( این ایس ایس ) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی ( ایچ سی یو ) کے متوفی دلت اسکالر روہت ویمولہ سے یگانگت و انصاف کیلئے تشکیل شدہ جدوجہد کمیٹی نے آج تلنگانہ کی ریاستی حکومت سے درج فہرست طبقات کمیشن کے احکام کو روبہ عمل لانے کا مطالبہ کیا ۔ روہت ویمولہ کیلئے انصاف و یگانگت سے متعلق جدوجہد کمیٹی نے گاندھی بھون کے پرکاشم ہال میں منعقدہ ایک اجلاس نے ایچ سی یو کے وائس چانسلر اپا راؤ پوڈیلی ‘مرکزی وزراء بنڈارو دتاتریہ اور سمرتی ایرانی کے علاوہ بی جے پی ایم ایل سی رامچندر راؤ اور اے بی وی پی لیڈر سشیل کمار کی گرفتاری سے متعلق حکومت کے احکام پر عمل آوری کا بھی مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹر آنند نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ہزاروں افراد کی قربانیوں کے ذریعہ اقتدار پر قبضہ کیا لیکن اب مرکز میں بی جے پی حکومت سے ساز باز کے ساتھ عوامی مفادات کے خلاف کام کررہی ہے ۔