روہت ویمولا خود کشی کے خاطیوں کو سزا دینے کا مطالبہ

8 مئی کو تلنگانہ ڈیموکریٹک فرنٹ کا اندرا پارک پر دھرنا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ ڈیموکریٹک فرنٹ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے دلت طالب علم ویمولا روہیت کی خود کشی کا سبب بننے والے خاطیوں کی گرفتاری اور انہیں سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے 8 مئی کو اندرا پارک پر مہا دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پرجا فرنٹ سی پربھاکر و دیگر تنظیموں کے قائدین نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، مرکزی وزراء ، و دیگر پر اس سلسلہ میں الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ تاہم ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ جسٹس چندرا کمار نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے یونیورسٹی طلبہ و لکچررس کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ پروفیسر ویشویشور راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر و وزیر داخلہ کی جانب سے ایوان میں وائس چانسلر کو برطرف کئے جانے کی یقین دہانی کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ بتایا گیا کہ مہادھرنا میں جے این یو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار ، جے این یو لکچررس ، طلبہ شرکت کریں گے ۔ 24 مئی کو اقلیتوں ، ایس سی ، ایس ٹی آدی واسیوں ، دلتوں کے حقوق کے لیے ایک جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ جس کو ارون دھتی رائے اور میدھا پاٹکر خطاب کریں گے ۔ پروفیسر ویشویشور راؤ نے حکومت کو اس بات کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا کہ حکومت خشک سالی منڈلس کو این آر ای جی کے تحت کوئی امداد جاری نہیں کی ۔ انہوں نے مشین کاکتیہ پراجکٹ کو ایک ناکام پراجکٹ بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ کروڑہا روپئے کی بربادی کرنے والے پراجکٹس سے کنارہ کش ہوجائے ۔۔