روڑکیلا کا توسیعی اسٹیل پلانٹ قوم سے معنون

روڑکیلا ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ (سیل) روڑکیلا اسٹیل پلانٹ (آر ایس پی) کے ایک 12 ہزار کروڑ روپئے مالیتی توسیعی پراجکٹ کو قوم سے معنون کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو چین پر سبقت حاصل کرنے اور دنیا بھر میں فولاد پیدا کرنے والے سب سے بڑے ملک کا مقام حاصل کرنے کیلئے اپنی فولاد کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں پہلا مقام حاصل کرنے کیلئے انہوں نے فولاد کی صنعت پر اپنی پیداوار میں اضافہ کی ضرورت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ایسے معیار کو یقینی بنایا جائے جو عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کرسکے۔ مودی نے کہا کہ فولاد کی پیداوار میں ہندوستان پہلے ہی امریکہ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے لیکن چین سے ہنوز پیچھے ہے۔ اوڈیشہ کے روڑکیلا میں سیل کے احاطہ میں پراجکٹ کو قوم سے معنون کرنے کے بعد عوام کے ایک بڑے جلسہ سے خطاب کیا اور 12 ہزار کروڑ روپئے کے عصری توسیعی پروگرام کے حصہ کے طور پر شروع کردہ نئی پلیٹ مل کا معائنہ کیا۔ توسیعی پراجکٹ کے تحت اس اسٹیل پلانٹ کی پیداواری صلاحیت سالانہ دو ملین ٹن سے بڑھ کر 4.5 ملین ٹن ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ فولاد کے شعبہ میں پائے جانے والے وسیع تر امکانات کو قومی سلامتی اور دفاعی اغراض سے بھی مربوط کیا جاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’’ہمارے پاس وسائل اور معدنیات کے بھاری ذخائر موجود ہیں اور خام مواد کو برآمد کرنے کے بجائے ہم عالمی مارکٹ میں معیاری اشیاء فروخت کرتے ہوئے اس کی قدر و قیمت میں اضافہ کرسکتے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان جنگی جہازوں کی تیاری پر توجہ مرکوز کررہا ہے اور روڑکیلا اسٹیل پلانٹ اور اس کے ملازمین کو اس میں کلیدی رول ادا کرنا ہوگا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ یہاں پیدا کیا جانے والا اعلیٰ معیاری فولاد ہندوستانی فوج کی جانب سے استعمال کئے جانے والی توپوں میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے روڑکیلا کو ایک ایسا ٹاؤن قرار دیا جس میں ہندوستانی طاقت کو فولادی بنادیا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ دنیا پھر ایک مرتبہ ہندوستان کو امید کی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے ساری دنیا کے سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے بالخصوص ہندوستان کے مشرقی علاقوں کی ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ جن میں آسام، مغربی بنگال، اوڈیشہ، بہار اور مشرقی اترپردیش شامل ہیں۔

روڑکیلا میں پوسٹر جنگ ، ہر طرف مودی اور پٹنائک کی تصاویر
رورکیلا (اوڈیشہ) ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پوسٹروں کی جنگ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک کے اسٹیل سٹی کے دورہ کے موقع پر وباء کی طرح پھوٹ پڑی ہے۔ بی جے پی اور بی جے ڈی کے حامی اپنے اپنے قائدین کی تصویریں شہر میں ہر طرف چسپاں کررہے ہیں۔ وزیراعظم کا اوڈیشہ کا دورہ رورکیلا اسٹیل سٹی کے کارخانے کی جدید کاری کا پروگرام قوم کے نام معنون کرنے کے سلسلہ میں ہے۔ جبکہ نوین پٹنائک کا دورہ شہری غریبوں کے لئے سستے کھانے کی اسکیم ’’آہار‘‘ کے آغاز کے سلسلہ میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم کے دورہ اور کارخانے کی جدید کاری کے کام کے افتتاح پر ہمارے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ آر ایس پی کے ایک سینئر ایگزیکٹیو نے کہاکہ ہندوستان کا کوئی وزیراعظم 50 سال کے وقفہ کے بعد اِس شہر کا دورہ کرنے والا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی دلیپ رے نے کہاکہ عوام کو فیصلہ کرنے دیجئے کہ کس کے پوسٹرس اور بیانرس زیادہ تعداد میں ہیں۔ فطری طور پر پوسٹرس اور بیانرس وزیراعظم کے اوّلین دورۂ رورکیلا کے موقع پر لگائے گئے ہیں۔ لیکن ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ بی جے ڈی قائدین اِس بارے میں اتنے فکرمند کیوں ہیں اور وہ پٹنائک کے پوسٹرس کیوں چسپاں کررہے ہیں۔