روڈس اور جہازرانی شعبوں میں ترقیاتی منصوبہ آج منظر عام پر آئے گا

نئے حرکیاتی وزیر برائے جہاز رانی و ہائی ویز نتن گڈکری کی میڈیا سے بات چیت
نئی دہلی ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سابق صدر نتن گڈکری کو ایک ایسی وزارت سونپی گئی ہے جہاں انفراسٹرکچر شعبہ میں انہیں زبردست تبدیلیاں لانی ہیں اور موصوف ان صلاحیتوں کے حامل بھی ہیں اور اس طرح اب وہ ہائی ویز اور جہاز رانی کے شعبہ میں اپنی ترقیاتی اسکیم کا بلیو پرنٹ پیش کریں گے کیونکہ انہیں روڈ ٹرانسپورٹ ، جہاز رانی ، ہائی ویز جیسی اہم وزارتوں کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ نتن گڈکری نے کل ہی ناگپور میں اپنی سالگرہ منائی ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو وزارتیں تفویض کی گئی ہیں ، ان پر وہ ترجیحی بنیاد پر غور و خوض کریں گے ۔ وہ ترجیحات کیا ہیں اس کا

اعلان وہ اپنے قلمدانوں کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کل کریں گے ۔ انفراسٹرکچر شعبہ میں ترقیات کیلئے گڈکری کو ایک ’’جنونی‘’ شخص تصور کیا جاتا ہے جو اپنے کام سے والہانہ محبت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تر قیات کے لئے وہ اپنے وعدے کے پابند ہیں ۔ ترقیات کو روبعمل لانے نت نئے طریقوں کو متعارف کرنے کیلئے گڈکری مشہور ہیں اور کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے تیار رہتے ہیں ۔ ممبئی کے جتنے بھی خوبصورت فلائی اوور پل ہیں، ان کی تعمیر کا سہرا نتن گڈکری کے سر بندھتا ہے اور لوگ انہیں ازراہ مذاق ’’فلائی اوور مین‘’ بھی کہنے لگے تھے ۔ ہندوستان میں فی الحال جہاز رانی شعبہ ناقص کارکردگیوں کا شکار ہے ۔ نتن گڈکری حالانکہ ایک متوسط درجہ کے زراعتی خاندان میں پیدا ہوئے لیکن بچپن سے ہی وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل رہے ۔ 1995-99 ء کے دوران موصوف ٖی ڈبلیو ڈی منسٹر رہے اور اسی وقت ان کی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آئیں ۔ انفراسٹرکچر شعبہ کو ترقی دینے میں وہ خاص مہارت رکھتے ہیں جس کا اعتراف ان کے مخالفین بھی کرتے ہیں۔