روپانی ، پٹیل اور8کابینی اور 10وزراء کی حلف برداری

گجرات کے شہر گاندھی نگر میں نئی گجرات بی جے پی حکومت کی تقریب حلف برداری کا انعقاد
گاندھی نگر26دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں مسلسل چھٹی بار اقتدار میں آئی بی جے پی کی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں آج وزیر اعلی وجے روپاني اور نائب وزیر اعلی نتن پٹیل کے علاوہ کابینہ سطح کے 8 اور ریاستی سطح کے 10 وزراء کو گورنر او پی کوہلی نے سیکرٹریٹ میدان میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امت شاہ کے علاوہ نتیش کمار، یوگی آدتیہ ناتھ سمیت بی جے پی اور این ڈی اے حکومت والی 18 ریاستوں کے وزیر اعلی، نائب وزیر اعلی اور راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری، رام ولاس پاسوان سمیت کئی مرکزی وزراء اور لال کرشن اڈوانی، سابق وزیر اعلی شنکر سنگھ واگھیلا، کیشو بھائی پٹیل کی موجودگی میں روپاني کابینہ کی حلف برداری میں ذات پات اور علاقائی توازن کوبھی برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔حلف لینے والے وزراء میں نائب وزیر اعلی سمیت پانچ کابینہ سطح کے اور کل ملا کر چھ وزیر پاٹیدار برادری کے ہیں۔ اس کے علاوہ کابینہ سطح پر ایک قبائلی، ایک دلت، ایک او بی سی اور ایک چھتریہ کو شامل کیا گیا ہے ۔ دس ریاستی وزراء میں ایک پاٹیدار، پانچ او بی سی، دو چھتریہ، ایک قبائلی اور ایک برہمن ہیں۔ کل ملا کر صرف ایک خاتون کو ہی کابینہ میں جگہ دی گئی ہے ۔ وزیر اعلی روپاني خود جین فرقہ سے آتے ہیں۔وزارت میں کل ملا کر چھ پاٹیدار، چھ او بی سی، تین چھتریہ، ایک برہمن، دو قبائلی اور ایک دلت کو جگہ ملی ہے ۔علاقہ وارتین کابینہ اور اتنے ہی وزیر مملکت سوراشٹر اور کچھ سے ہیں۔ جنوبی گجرات سے دو کابینہ اور تین ریاستی درجہ کے وزیر ہیں۔ شمالی اور وسطی گجرات سے نائب وزیر اعلی کو شامل کرتے ہوئے بالترتیب چار اور چار وزیر کابینہ اور ریاستی سطح کے ہیں۔اس بار حکومت میں بطور کابینہ اور وزیر مملکت چار چار یعنی کل آٹھ نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے .پچھلی بار وزیر رہے ولبھ کاکڑیا اور راجندر ترویدی کو اس بار جگہ نہیں ملی ہے لیکن اب بھی کابینہ میں 7جگہ خالی ہونے سے ان کے علاوہ موجودہ ریاستی صدر جیتو واگھانی کو بھی کابینہ میں توسیع کے دوران حکومت میں شامل کرنے کے قیاس لگائے جارہے ہیں۔