نئی دہلی ۔ /27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ انکم ٹیکس نے آج کہا کہ اس نے روٹو میک پینس کمپنی اور وکرم کوٹھاری کے گروپ کے خلاف ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کے سلسلسے میں 12 تازہ فرد جرم پیش کئے ہیں ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے مزید تین بینک کھاتے جو کمپنی کے تھے اپنی تازہ ترین کارروائی کے ایک حصے کے طور پر منجمد کردیئے ہیں ۔ اس طرح محکمہ انکم ٹیکس کے جملہ فرد جرم جو اس گروپ کے خلاف پیش کئے گئے ہیں 17 ہوجاتے ہیں ۔ کمپنی کے 17 بینک کھاتے منجمد بھی کئے گئے ہیں ۔ 18 استغاثہ کی کارروائیاں روٹو میک گلوبل (پرائیویٹ) لمیٹیڈ کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کے قانون کی مختلف دفعات کے تحت پیش کئے جاچکے ہیں ۔ 2010-11 ء سے 2015-16 ء کے انکم ٹیکس تخمینے سے متعلق فرد جرم پیش کئے گئے ہیں ۔ محکمہ انکم ٹیکس کا عملہ قبل ازیں روٹو میک گروپ کی چار غیرمنقولہ اثاثہ جات قرق کرچکا ہے ۔ اس نے مختلف بینکوں میں گروپ کے 14 کھاتے منجمد کئے ہیں تاکہ ٹیکس کے بقائے جات وصول کئے جاسکیں۔