رومی میوزیم میں مشتری کے مجسمے کی پردہ پوشی سے حسن روحانی لاعلم

روم۔ 27 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے آج کہا کہ اٹلی کے وزیراعظم مارٹیو رینزی کے ساتھ روم میوزیم کے دورہ کے موقع پر انہوں نے اپنے اطالوی میزبانوں سے وہاں موجود کلاسیکی عریاں مجسموں کی پردہ پوشی کیلئے نہیں کہا تھا۔ اس مسئلہ پر اخباری نمائندوں کے سوال پر حسن روحانی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اس موضوع پر اطالوی حکام سے کوئی بات نہیں کی گئی۔ روحانی نے کہا کہ ’’میں جانتا ہوں کہ اطالوی کافی مہمان نواز ہوتے ہیں، وہ ایسے افراد ہیں جو اپنے مہمانوں کے دورہ کو ممکنہ حد تک خوشگوار بنانا چاہتے ہیں۔ ان کی مہمان نوازی کیلئے میں شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ واضح رہے کہ روم کے اس عجائب گھر میں روحانی کی آمد کے موقع پر دوسری صدی قبل مسیح کے دور سے تعلق رکھنے والی یونانی دیوملائی کہانیوں کے مطابق محبت کی دیوی مشتری کے مجسمہ کو چوبی کارٹونس کے ذریعہ عارضی طور پر ڈھانک دیا گیا تھا کیونکہ اس عریاں مجسمہ پر کہیں روحانی کی نظر نہ پڑجائے جو اس قسم کے مجسمے پسند نہیں کرتے۔ حسن روحانی نے اصرار کے ساتھ کہا کہ انہیں اس مجسمہ کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے اس کی پردہ پوشی کیلئے کہا تھا۔