روغن جوش ، گلوٹی کباب اور دیگر لوازمات سے اوباما کی تواضع

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے راشٹرپتی بھون میں دورہ کنندہ صدر امریکہ بارک اوباما کے اعزاز میں عشائیہ ترتیب دیا جہاں کشمیر سے لیکر مغربی بنگال تک کی مختلف ڈشس سے ان کی تواضع کی گئی ۔ کشمیری گشتابہ ، روغن جوش اور دیگر کئی ڈشس ماہر شیف نے تیار کئے ۔ لکھنؤ کے مشہور گلوٹی کباب ، بنگال کی مختلف فش کری اور پنجاب کا چکن تکہ اور ویجیٹرین کھانوں میں کڑی پکوڑا ، دال رائس بھی شامل کئے گئے تھے ۔ اس موقعہ پر موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا اور کئی مشہور گیتوں کے ذریعہ مہمانوں کی تفریح کا سامان فراہم کیا گیا تھا ۔ عشائیہ میں صدرجمہوریہ کے علاوہ نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری ، وزیراعظم نریندر مودی ان کے کابینی رفقاء ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ ، بی جے پی قائدین ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے شرکت کی ۔ اترپردیش ، آندھراپردیش ، راجستھان اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹرس بھی استقبالیہ میں موجود تھے ۔ سرکردہ تاجرین رتن ٹاٹا ، مکیش اور انیل امبانی کے علاوہ گوتم عدنی اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔ سچن تنڈولکر ، کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے شرکت سے معذرت خواہی کرلی تھی ۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے کہا کہ اوباما اور مودی کی ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر زیربحث نہیں آیا لیکن انہیں خوشی ہے کہ دورہ کنندہ مہمان کے اعزاز میں ترتیب دیئے گئے استقبالیہ مینو میں وادی کی ڈشس شامل کی گئی ہیں ۔