حیدرآباد۔/9مئی، ( سیاست نیوز) مدینہ منورہ میں روضہ اقدس صلی اللہ علیہ وسلم پر ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے آج حاضری دی اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعاء کی۔ جناب محمود علی چار روزہ دورہ پر سعودی عرب میں ہیں جہاں وہ عمرہ کی سعادت اور مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد جدہ روانہ ہوں گے جہاں حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کے مسئلہ پر کونسل حج جدہ ایس اے مبارک اور ناظر رباط حسین محمد شریف سے بات چیت کریں گے۔ جناب محمود علی نے مدینہ منورہ میں عبادتوں کے بعد روضہ اقدسؐ پر حاضری دی اور خصوصی دعاء کی۔ انہوں نے امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے علاوہ تلنگانہ ریاست کی ترقی، مسلمانوں کی خوشحالی، تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کی برقراری اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی بہتر صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کی۔ جناب محمود علی آج رات مدینہ منورہ سے بغرض عمرہ مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے اور اتوار کی صبح عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ مکہ مکرمہ میں دن بھر عبادتوںکے بعد وہ شام میں جدہ روانہ ہوں گے جہاں کونسل حج اور ناظر رباط سے ملاقات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ حیدرآبادی رباط میں عازمین حج کے قیام کے سلسلہ میں تعطل کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وہ کونسل حج اور ناظر رباط کے ساتھ 12 مئی کو حیدرآباد واپس ہوں گے ۔