روس ‘ بیلا روس اور قزاقستان کا نیا معاشی اتحاد

ماسکو 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) روس ‘ بیلا روس اور قزاقستان کے قائدین نے آج ایک معاشی یونین تشکیل دی جس کا مقصد سابق سوویت پڑوسی ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ اس معاہدہ پر یوکرین کے بحران کی وجہ سے ابتداء میں غیر یقینی کیفیت پیدا ہوگئی تھی ۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹین نے کہا کہ یورو ایشین معاشی یونین کے نتیجہ میں رکن ممالک کے مابین معاشی تعاون ایک نئی سطح تک پہونچ جائیگا اور تمام ممالک کی علاقائی سالمیت بھی برقرار رہے گی ۔ روس نے یوکرین پر زور دیاتھا کہ وہ بھی اس یونین کا حصہ بنے ۔ اس کے بعد روس اور مغربی ممالک کے مابین شدید بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور یوکرین میں صورتحال جنگ کی کیفیت اختیار کر گئی ہے ۔ پوٹین نے قزاقستان کے دارالحکومت میں باہمی بات چیت کے بعد کہا کہ ہم ایک طاقتور اور پر کشش مرکز برائے معاشی ترقی قائم کر رہے ہیں۔ یہ علاقائی سطح پر مارکٹ کو بھی مستحکم کریگا اور رکن ممالک کے مابین معاشی تعاون میں اضافہ کرنے کے علاوہ تمام ممالک کے 170 ملین عوام اس سے مستفید ہوسکیں گے ۔ کہا جارہا ہے کہ اس معاہدہ کے نتیجہ میں ان تمام ممالک کی معیشت بہتر ہوجائیگی اور ان کا بجٹ برطانیہ کے بجٹ کے مماثل ہوجائیگا حالانکہ امریکہ سے کچھ کم رہے گا ۔

اسنوڈن راز افشاء کرنے پر قانون کا سامنا کرے: کیری
دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن ہمت کر کے امریکہ واپس آئے اور خفیہ سکیورٹی راز افشاء کرنے پر قانون کا سامنا کریں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کیری نے کہا کہ اسنوڈن وہ آدمی ہیں جنھوں نے امریکہ کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی حرکتوں سے اس ملک کو نقصان پہنچایا ہے جس سے مجھے دکھ اور پریشانی ہوتی ہے۔ یہ بیان کیری نے اسنوڈن کے پہلے ٹی وی انٹرویو کے جواب میں دیا ہے جس میں اس نے خفیہ کاغذات چرانے اور افشاء کرنے کے بارے میں بتایا ہے۔