ماسکو۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ روس کے مشرق بعید کے جزیرہ ساکھالین کے ایک چرچ میں دعائیہ اجتماع کے دوران ایک شخص نے اندھادھند فائرنگ کرتے ہوئے 2 افراد کو ہلاک اور دیگر 6 کو زخمی کردیا۔ یہ شخص ایک خانگی کمپنی میں سکیوریٹی گارڈ کی حیثیت سے ملازم تھا۔ فائرنگ کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔ فوری طور پر فائرنگ کا مقصد معلوم نہیں ہوا۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے بموجب ہلاک ہونے والوں میں ایک نن اور ایک عبادت گزار شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے کئی افراد کے زخم مہلک نہیں ہیں اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ یہ واقعہ جنوبی ساکھالین کے علاقہ میں پیش آیا۔ یہ جزیرہ سوویت یونین کی افواج کو کورل جزائر کے ساتھ دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر جاپان سے حاصل ہوا تھا۔ جاپان جنوب بعید کے جزیرہ کورل پر ہنوز اپنا دعویٰ رکھتا ہے جس کی وجہ سے برسوں سے روس اور جاپان کے تجارتی تعلقات کشیدہ ہیں۔