روس کے مشرقی دور افتادہ علاقہ میں زلزلے کے زبردست جھٹکے

ماسکو 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روس کے مشرقی دورافتادہ علاقے کے کوماڈورسکے آ سٹراوا کے نزدیک زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ ریختر پیمانہ پر اس زلزلے کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز بیرنگ سمندر کے ساحلی علاقے میں 33 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ پہلے زلزلے کی شدت 7.0 بتائی گئی تھا لیکن بعد میں ٹھیک کرتے ہوئے اسے 6.9 کیا گیا۔ ہوائی میں واقع پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی اندیشہ ظاہر نہیں کیا گیا ہے ۔
جولائی میں ٹرمپ کی G-20 کانفرنس میں شرکت
واشنگٹن، 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ سات اور 8 جولائی کو جرمنی کے ہیمبرگ میں منعقد ہونے والی G-20 کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرکے آج اس کی اطلاع دی۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ٹرمپ نے جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل سے فون پر بات چیت کی۔بیان کے مطابق ٹرمپ نے جرمنی کے مغربی صوبے سارلینڈ میں ہوئے انتخابات میں مسز مرکل کی کنزرویٹو پارٹی کی جیت پر انہیں مبارک باد بھی دی۔ خیال ر ہے کہ اس انتخابی جیت سے ستمبر ماہ میں ہونے والے قومی انتخابات میں مسز مرکل کی جیت کی امیدوں کو تقویت ملی ہے ۔