روس کے خلاف فوجی تیاریاں تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ

واشنگٹن ۔ 19 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) معروف امریکی صحافی اور تجزیہ کار پال کریگ رابرٹس نے کہا ہے کہ امریکہ نیٹوکی روس کے خلاف فوجی تیاریاں تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ غیرملکی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق امریکی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ امریکہ روس کے خلاف اشتعال انگیز فوجی اقدامات کر رہا ہے جبکہ نیٹو نے 1997ء کے نیٹو روس معاہدے اور مونٹریکس کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روسی سرحدوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی شروع کر دی ہے۔ امریکہ اور نیٹو یوکرین میں تنائو کے ذمہ دار ہیں۔ روس نے نیٹو اور امریکہ سے یوکرین میں روسی زبان بولنے والوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا تو اس کے جواب میں نیٹو نے پولینڈ، رومانیہ اور بالٹک ریاستوں میں روس کے خلاف اقدامات شروع کر دیئے۔ باقی رہی سہی کسر روسی مخالف احتجاجی مظاہرین نے پوری کر دی جو امریکی این جی اوز کے کہنے پر کیف میں نکل آئے۔